ماسکو(سچ نیوز)ریڈیو سے لوگوں کو خبر دی جاتی ہے، معلومات بھی دی جاتی ہیں، اور تفریح طبع کا ساماں بھی کیا جاتا ہے، مگر روس سے چلایا جانے والا ایک ریڈیو گزشتہ کئی دہائیوں سے صرف ایک ہی کام کر رہا ہے، اور وہ کام ہے لوگوں کو دہشت زدہ کرنا۔ گزشتہ 40 سال سے روس کے کسی نامعلوم مقام سے ایک پراسرار ریڈیو ٹرانسمیشن جاری ہے جسے UVB-76 کا نام دیا گیا ہے۔ اب تک کسی کو اس مقام کا درست طور پر اندازہ نہیں ہو سکا جہاں سے یہ ٹرانسمیشن نشر کی جارہی ہے۔
اس پراسرار ٹرانسمیشن کا مقصد اور منبع کا سراغ لگانے کی بہت کوششیں ہو چکی ہیں اور بہت پریشان کن باتیں اس ریڈیو ٹرانسمیشن سے منسوب ہو چکی ہیں۔ اس کے متعلق جہاں اور بہت سے سازشی نظریات گردش میں ہیں تو وہیں ایک یہ بھی ہے کہ اس کاتعلق روس کے ایٹمی ہتھیاروں سے ہے۔ اسی وجہ سے اسے موت کے سوئچ کا نام بھی دیا گیا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اگر روس پر ایٹمی حملہ ہوا تو یہ پراسرار ریڈیو ٹرانسمیشن روس کے ایٹمی ہتھیاروں کو خود کار طریقے سے حرکت میں لے آئے گی۔
آپ بھی اس عجیب و غریب ریڈیو ٹرانسمیشن کو سن سکتے ہیں۔ اس کے لئے اپنے ریڈیو کو 4625 کلوہرٹز فریکونسی پر سیٹ کریں اور یہ ٹرانسمیشن آپ کے ریڈیو پر سنائی دینے لگے گی۔ اس میں عجیب قسم کی گونج سنائی دیتی ہے اور بیچ میں کہیں کہیں روسی زبان کے الفاظ سنائی دیتے ہیں۔اس ٹرانسمیشن کا سلسلہ 1982ءسے جاری ہے۔ اب کچھ سویلین تحقیق کاروں نے گوگل میپ کے ذریعے اس ریڈیو ٹرانسمیشن کے منبع کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کے کوارڈینیٹس 60ڈگری 18منٹ 40سیکنڈ نارتھ، اور 30 ڈگری 16منٹ 41.5 سیکنڈ ایسٹ بتائے گئے ہیں۔ اس ضمن میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ریڈیو سٹیشن لینن گراڈ اوبلاسٹ ڈسٹرکٹ میں واقع ہے جو کہ سینٹ پیٹرز برگ سے تقریباً 30 میل کی دوری پر واقع ہے۔ اس علاقے کو روس کا حساس ترین فوجی علاقہ بھی قرار دیا جاتا ہے۔