دبئی( سچ نیوز )متحدہ عرب امارات کے دبئی ایئرپورٹ نے چھٹی بار دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔اس اعزاز کی وجہ دنیا بھرسے آنے والی پروازیں ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے نے ورلڈ پیسنجر ٹریفک کے حوالے سے نئی رپورٹ شائع کی ہے جس میں دبئی کومسلسل چھٹی بار دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ قراردیا گیاہے۔تاہم یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس دبئی ایئر پورٹ کو استعمال کرنے والے مسافروں میں 3فیصد کمی بھی واقع ہوئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق 2019 میں دبئی ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد8کروڑ60لاکھ رہی پھربھی یہ مصروف ترین ایئرپورٹس میں پہلے نمبر پر رہاہے،اسی فہرست میں دوسرے نمبر پر لندن کا ہیتھرو ہوائی اڈا ہے جہاں سے 8 کروڑافراد عازم سفرہوئے۔دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سےایئر بس 380 اور بوئنگ ٹرپل سیون جیسے بڑے اور بھاری بھرکم جہازبھی اپنی اپنی منزل کی جانب روانہ ہوتے ہیں جبکہ ہوائی جہازوں کے ذریعے مال برداری کابھی یہ دنیا کا چھٹا بڑا مرکز ہے۔رپورٹ میں بتایایاہے کہ اندرون ملک اور بیرون ملک پروازوں کی بات کی جائے تو امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کا ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئر پورٹ دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔ یہ ہوائی اڈہ بین الاقوامی ٹریفک میں اس وقت ساتویں مقام پرہے۔ہارٹس فیلڈ جیکسن ہوائی اڈہ ایک سو ملین مسافروں کو پرواز کی سہولت فراہم کر سکتا ہے۔