دبئی: (سچ نیوز) پاکستان نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 280 رنز کا ہدف دیا لیکن کیویز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز ہی بنائے تھے کہ آسمان کو بادلوں سے گھیر لیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا تیسرا اور فائنل ون ڈے بارش کی نذر ہو گیا ہے، جس کے بعد دونوں ٹیموں میں 3 میچوں کی سیریز 1،1 سے برابر ہو گئی ہے۔ پاکستان نے کیویز سے 7 برس بعد سیریز جیتنے کا خواب دیکھا لیکن جو ادھورا رہ گیا گیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 280 رنز کا ہدف تھا، ٹارگٹ کے تعاقب میں کیویز میدان میں اترے لیکن سکور ابھی 35 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے میچ روکنا پڑا۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنے کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا۔ آج محمد حفیظ نے فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کی، تاہم وہ 19 رنز بنا کر ہٹ وکٹ ہو کر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد فخر زمان نے اپنی بلے بازی کے جوہر دکھائے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ نوجوان بلے باز بابر اعظم نے بھی اس میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا بلکہ 100 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 92 رنز بنائے۔
دیگر بلے بازوں میں حارث سہیل 60 جبکہ شعیب ملک18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پانچ اعشاریہ آٹھ پانچ کی اوسط سے 279 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے شاندار گیند بازی کی اور 10 اوورز میں صرف 45 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ہینری، بولٹ اور گرینڈ ہومی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
پاکستان کی جانب سے اس سیریز میں بابر اعظم 154 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مین آف دی سیریز لوکی فرگوسن کے نام رہا جہوں نے سیریز میں 11 شکار کیے، پاکستان کے شاہین آفریدی نے سیریز میں 9 وکٹیں اڑائیں۔