اسلام آباد (سچ نیوز) پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سب سے زیادہ فردوس عاشق اعوان کی نقل کی جاتی تھی لیکن موجودہ دور میں فواد چوہدری باقی وزرا کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔ جب سے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنے ہیں تب سے سوشل میڈیا پر میمز کا ایک طوفان برپا ہے اور لوگ طرح طرح کے سائنسی نوعیت کے لطیفے ان کی ذات سے منسوب کر رہے ہیں۔فواد چوہدری وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنے تو انہیں معروف سائنسدان آئن سٹائن کا روپ دے دیا گیا۔فواد چوہدری کی آئن سٹائن کے روپ میں طرح طرح کی میمز شیئر کی جاتی ہیں۔ ایک میم کے مطابق فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پانی ابالتے وقت جو آواز آتی ہے وہ جراثیموں کی چیخوں کی ہوتی ہے۔ایک میم میں فواد چوہدری سے یہ بات بھی منسوب کی گئی ہے ’ہمیں گرمی اس لیے لگتی ہے کیونکہ ہم گرمی کو نہیں لگ سکتے‘۔