کراچی (سچ نیوز) خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن اور ماڈل کامی سڈ پر سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے ریپ کرنے اور ڈرانے دھمکانے کا الزام لگادیا،کامی سڈ اور ان کے ساتھیوں پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ثنا نامی خواجہ سرا کو 2015 میں ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔یہ معاملہ دراصل اس وقت شروع ہوا جب فیس بک پر مناہل بلوچ نامی ایک خاتون نے کامی سڈ پر انہیں ڈرانے دھمکانے کا الزام عائد کیا تاہم کامی سڈ نے ایسے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔ ڈان نیوز کے مطابق اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں مناہل بلوچ نے کہاکہ ’ریپ کرنے والوں کو سپورٹ نہ کریں، چاہیں وہ کانز 2019 کا حصہ بھی بن گئے ہوں، ریپ کرنے والے کی کوئی ایک جنس نہیں ہوتی‘۔اس پوسٹ میں انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا، تاہم مناہل کے مطابق کامی سڈ نے انہیں ذاتی پیغامات بھیج کر ڈرانے کی کوشش کی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی پوسٹ کا کامی سڈ سے کوئی تعلق نہیں، کامی سڈ اس سے پہلے بھی لوگوں کو ایسے ہی ڈرا دھمکا چکی ہیں اور کامی سے کی گئی بات چیت کے سکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔