نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں ایک تاجر کو اس لیے عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے کیوں کہ وہ اپنی بیوی کو نوکری چھوڑنے پر راضی کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور ایسا کرتے ہوئے اس نے ایک ہوائی جہاز کو اغوا کرنے کی جھوٹی دھمکی بھی دے دی تھی۔
مجرم برجو سالا نے ، جو پہلے سے ہی شادی شدہ تھا، جیٹ ایئر ویز کی ایک ہوسٹس سے خفیہ شادی کر رکھی تھی اور وہ اسے ممبئی منتقل ہونے پر مجبور کر رہا تھا جبکہ اس کی یہ دوسری بیوی ممبئی نہیں جانا چاہتی تھی۔ اس شخص نے ہوائی جہاز کو ہائی جیک کرنے کے ایک جھوٹے پلان کے ذریعے متعلقہ فضائی کمپنی کو بدنام کرنے اور اس کی دہلی اور ممبئی کے درمیان پروازیں معطل کروانے کی کوشش کی تھی۔
اس کا خیال تھا کہ ایسا کرنے پر شاید اس کی بیوی کو اپنی نوکری چھوڑنا پڑے۔ برجو سالا کو جیٹ ایئر ویز کی ممبئی سے دہلی جانے والی پرواز کے ٹائلٹ میں ایک دھمکی آمیز خط رکھنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا ئی گئی ہے۔