لاہور: (سچ نیوز ) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرلیا، عوام سے جھوٹ بولا گیا، عوام کو بتایا جائے کن شرائط پر معاہدہ کیا گیا ؟ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ثبوت ہے آئی ایم ایف کی شرائط مان لی گئیں۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے ڈالر کی قیمت میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا وزیرخزانہ نے 100 دن کی تقریب میں جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکہ دیا، ڈالر کی قدر میں اضافے سے بدترین مہنگائی آئے گی۔ انہوں نے کہا قوم سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی پر عمران حکومت مستعفی ہو، وقت اور حالات گواہی دے رہے ہیں کہ انڈے مرغی کی سرکار نہیں چلے گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ثابت ہوگیا، حکومت چلانا اور قوم کے مسائل کا حل کرنا عمران حکومت کے بس کی بات نہیں، کٹے، مرغیوں اور انڈوں سے معیشت ٹھیک کرنے کا فارمولا دینے والے وزیراعظم سے یہی توقع کی جاسکتی ہے۔