اسلام آباد (سچ نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ادائیگیوں کے عدم توازن کا سامنا تھا،ہم نے پیداوار اور برآمدات میں اضافے کو ترجیح دی، غیرملکی سرمایہ کاروں کو اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کی جانب متوجہ کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں 2 روزہ معاشی سفارتکاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ادائیگیوں کے عدم توازن کا سامنا تھا، ہم نے پیداوار اور برآمدات میں اضافے کو ترجیح دی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کی جانب متوجہ کیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں ابھی بہت سے اہداف حاصل کرنے ہیں جن میں روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ، معیشت کی بہتری میں حائل رکاوٹوں کو دور اور غیرملکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں ہنرمندی کے فروغ کی ضرورت ہے،پاکستانی سفیر ملک میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے فعال کردار ادا کریں اور غیر ممالک میں پائی جانے والی غلط فہمیاں دور کریں ۔وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ سفیر تجارتی معاملات میں حائل رکاوٹیں دور کر کے نئے مواقع تلاش کریں اور دنیا میں پاکستان کے بارے پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔