لاہور (سچ نیوز) تجزیہ کار کامران خان نے کہاہے کہ حکومت اوراپوزیشن نے نیب کے پرکاٹنے کا فیصلہ کرلیا ، عدلیہ بھی نیب قوانین میں تبدیلی چاہتی ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کامران خان نے کہاکہ نیب کے پر کاٹنے کا فیصلہ ہوگیاہے اورعدلیہ بھی نیب قوانین میں تبدیلی چاہتی ہے ، حکومت اور نیب کے خیالات میں بڑی خلیج ہے ،نیب اورحکومت میں جو ان بن نظر آرہی ہے ، اس کی وجہ نیب کی ایک ارب سے زائد کی رقم روک لیاجانا ہے جس سے نیب کو اپنے مالی معاملات میں شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چیئر مین نیب کی وزیر اعظم سے ملاقات مالی مشکلات اور محدود وسائل کے حوالے سے تھی جس کا نیب نے سامنا کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتیں چاہتی ہیں کہ نیب قوانین میں ترمیم کی جائے اور اس طرح چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی نیب قوانین میں سقم کی نشاندہی کی تھی ، حکومت اوراپوزیشن کے درمیان بھی نیب قوانین میں ترمیم کیلئے بڑی مستعدی کے ساتھ مذاکرات ہورہے ہیں۔