صنعاء( سچ نیوز )گزشتہ روز غیر ملکی خبررساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حوثی باغیوں نے سعودی قصبے نجران کے قریب سعودی فوجیوں کو پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم بعدازاں حوثی باغیوں کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس سے متعلق اب برطانوی نشریاتی ادارے نے بڑا دعویٰ کر دیاہے ۔بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ سعودی عرب نے حوثی باغیوں کی جانب سے فوجیوں کو پکڑنے سے متعلق دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ،حوثی باغیوں کی جانب سے جاری ویڈیو میں بکتر بند گاڑیوں پر حملہ دکھایا گیا ہے تاہم حوثی دعوے میں بڑی فوجی کامیابی کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
حوثی ترجمان کرنل یحٰیی ساریہ نے سنیچر کو الزام عائد کیا تھا کہ سعودی افواج کو زندگی اور مشینری میں شدید نقصان پہنچا جس میں اس کے ’ہزاروں‘ فوجی شامل تھے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اتوار کو حوثیوں کے المسیرہ ٹی وی پر یرغمال بنائے گئے فوجیوں کی پریڈ کرائی جائے گی۔اس کے بعد دکھائے جانے والے مناظر میں جلی ہوئی گاڑیوں کو دیکھا جا سکتا ہے جبکہ میدان میں پکڑا گیا اسلحہ بھی رکھا ہے۔ اس ویڈیو میں چند افراد کا ایک گروہ بھی دیکھا جا سکتا ہے تاہم وہ فوجی وردیوں میں ملبوس نہیں ہیں۔