اسلام آباد (ویب ڈیسک) حمزہ علی عباسی کی ہونیوالی دلہن اور اداکارہ نیمل خاور نے بھی خاموشی توڑ دی اور شادی کے بعد اداکاری چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔روزنامہ دنیا کے مطابق نیمل خاور نے اپنے مداحوں کیلئے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ ڈرامہ سیریل انا ان کا پہلا اور آخری ڈرامہ ہے اور وہ اپنے مداحوں اور ساتھی اداکاروں کی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے انہیں اتنا پیار دیا۔اداکارہ نیمل خاور نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب صرف مصوری پر توجہ دوں گی اور اپنی پینٹنگز کی نمائش کروں گی۔ نیمل خاور اور حمزہ علی عباسی کل رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔یادرہے کہ پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے سوشل میڈیا پر جاری ہنگامے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ساتھی اداکارہ نعم الخاور کے ساتھ 25 اگست کو شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔حمزہ علی عباسی نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ ان کا شادی کرنے کا مقصد نہ تو اپنی تنہائی مٹانا یا نسل بڑھانا ہے اور نہ ہی ان کا یہ مقصد ہے کہ وہ نعم الخاور کی محبت میں مبتلا ہوگئے ہیں بلکہ وہ اللہ کی رضا کے حصول کیلئے شادی کرنا چاہتے ہیں۔حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ نعم الخاورمیری اچھی دوست ہیں ، میں 2 سال تک اسے یہی کہتا رہا ہوں کہ مجھے اس سے محبت نہیں ہے لیکن پھر بھی میں اس سے شادی کرنا چاہتا ہوں، حیران کن طور پر نعم الخاور نے نہ صرف شادی کیلئے ہاں کی بلکہ اس نے اللہ کی رضا کے راستے پر چلنے کیلئے میرا ساتھ دینے پر بھی رضا مندی ظاہر کی۔‘حمزہ علی عباسی نے کہا کہ وہ اور نعمل 25 اگست کو ایک چھوٹی سی تقریب میں نکاح کریں گے اور 26 تاریخ کو چھوٹا سا ولیمہ ہوگا جس کے بعد وہ ہمیشہ ایک ساتھ رہنے اور اللہ کو راضی کرنے کیلئے پر امید ہیں۔