کراچی (سچ نیوز)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاہے کہ وفاقی حکومت میرانام ای سی ایل میں ڈالنا چاہتی ہے تو شوق پورا کرلے،بلاول نے واضح طور پر کہہ دیاہے کہ جے آئی ٹی سفید جھوٹ ہے ، مجھے یہ لگتا ہے کہ جے آئی ٹی میں میرا نام فٹ کیا گیاہے۔جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے خود پتہ نہیں ہے کہ میرا نام ای سی ایل میں ہے یا نہیں ہے اور نہ مجھے سپریم کورٹ کا کوئی نوٹس موصول ہواہے البتہ میں نے جے آئی ٹی کی رپورٹ ضرور پڑی ہے جس میں میرا نام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں جب سے وزیر اعلیٰ بنا ہوں صرف ایک با ر بیرون ملک گیا ہوں ، وفاقی حکومت اگر میرا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہتی ہے تو ڈال کر اپنا شوق پورا کرلے ، بلاول نے واضح طور پر کہہ دیاہے کہ جے آئی ٹی سفید جھوٹ ہے ، مجھے یہ لگتا ہے کہ جے آئی ٹی میں مجھے صرف فٹ کیا گیاہے ، جے آئی ٹی رپورٹ میں جو چیزیں آتی ہیں وہ ٹی وی اینکر بھی اپنے پروگرام میں بتا دیتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی میں میرے اوپر لگائے جانیوالے الزامات میں غلط بیانی کی گئی ہے ، او منی گروپ کے حوالے سے نیب 2015میں پہلے ہی انکوائری کرکے بند کرچکا ہے اور اس وقت بھی مجھے نہیں بلایاگیاتھا کیونکہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کااس میں کوئی کردارنہیں تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے الزامات کومکمل طورپر مسترد کرتا ہوں ،ان الزامات کی کوئی شہادت نہیں ہے اور ان کی شہادت دینا پڑے گی ، ہم نے کسی گروپ کوسبسڈی نہیں دی جو سبسڈی دینے کی بات کی جارہی ہے ، اومنی گروپ اگر اپنا کاروبار کرتا ہے توکیا اس کو کاروبار کرنے کا حق نہیں ہے ؟ کیا جہانگیر ترین شوگر مل نہیں چلاتا ، کیا جہانگیرترین نے سبسڈی نہیں لی؟ انہوں نے کہا کہ اس کے مقاصدکچھ اور ہیں اورسندھ حکومت کو ملوث کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو ناکام ہوجائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اگر اپنے دائر ے میں رہ کر آئین کے مطابق کام کرے گا تو ہم وفاق کے محافظ ہیں لیکن اگر صوبوں کے حقوق کیخلاف اورون یونٹ کی بات کی جائیگی تو اس کی مزاحمت کریں گے ، وزیراعظم کی جانب سے گورنر کی زیر سرپرستی کمیٹیاں تشکیل دینا صوبوں کے اختیارات میں واضح مداخلت ہے ۔