بیونس آئرس(سچ نیوز)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جی ٹوئنٹی کے رکن ممالک کے سربراہان کے اہم اجلاس میں شرکت کے لئے ارجنٹائن پہنچ گئے ہیں،سعودی ولی عہد اس موقع پر امریکہ ، روس اور دیگر اہم ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے ،اس سے قبل بن سلمان نے اپنا تیونس کا دورہ مکمل کیا جو چند گھنٹوں پر مشتمل تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تیونس کے مختصر دورے کے بعد ارجنٹائن میں پہنچ گئے ہیں ،وہ وہاں ہونے والے ’’گروپ 20 ‘‘ کے اہم اجلاس میں شریک ہوں گے ۔اس سے قبل تیونس سے روانگی کے موقع پر صدر السبسی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ ہماری ملاقات کے نتیجے میں دونوں برادر ملکوں اور ان کے عوام کے درمیان مضبوط اور قریبی تعلقات میں مزید گہرائی پیدا ہو گی۔تیونس سے روانگی کے موقع پر وزیراعظم یوسف الشاہد اور کئی سینئر عہدے دار ائیرپورٹ پر موجود تھے۔یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان متحدہ عرب امارات، بحرین، مصر اور تیونس کے طوفانی دورے کے بعد جی 20 کے اہم اجلاس میں شرکت کے لئے ارجنٹائنا پہنچےہیں۔