کراچی(سچ نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن سندھ اسمبلی سیما ضیاء آج ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین پر پھٹ پڑیں اور کہا کہ ان کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا بہت اچھا ہوا، لیکن پھر تھوڑی ہی دیر بعد یوٹرن لیتے ہوئے جہانگیر ترین کو ‘قابل احترام قرار دے ڈالا۔نجی ٹی وی چینل’’ جیونیوز‘‘ کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران سیما ضیاء نے جوش خطابت میں کہا، جہانگیر ترین کے ساتھ جو ہوا بہت اچھا ہوا، ملک میں کرپشن کرنے والوں کے ساتھ یہی کچھ ہونا چاہیے,چاہے جہانگیر ترین ہو یا کوئی اور اس کے ساتھ یہی ہونا چاہیے.بعدازاں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر سیما ضیا نے بتایا کہ وہ اجلاس کا بائیکاٹ کرکے آئی ہیں، کیونکہ ان کی تقریر مکمل نہیں ہونے نہیں دی گئی,دوران تقریر میں نے جہانگیر ترین کے لیے کچھ الفاظ ادا کٰیے، میرے منہ سے ایسی بات نہیں نکلنی چاہیے تھی,جہانگیر ترین قابل احترام ہیں اور پارٹی کے لیے ان کی بے شمار قربانیاں ہیں,میرے کہنے کا مطلب تھا کہ ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، عدالت کا فیصلہ چاہے کسی کے لیے بھی ہو، ہم احترام کرتے ہیں۔سیما ضیاء نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب گزشتہ روز سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی نااہلی برقرار رکھتے ہوئے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست مسترد کردی، جس کے بعد وہ پارلیمانی سیاست سے باہر ہوگئے اور کوئی بھی عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتے,واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے دسمبر 2017 میں جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ جہانگیر ترین نے اپنے بیان میں مشکوک ٹرمز استعمال کیں اور صحیح جواب نہ دینے پر انہیں ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔