رچمنڈ (سچ نیوز) ہالی ووڈ اداکار جونی ڈیپ کواپنی سابق اہلیہ اداکارہ امبر ہرڈ کے خلاف کیے جانے والے 50 ملین ڈالر ہرجانے کے دعوے میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔فوکس نیوز کے مطابق عدالت نے ہرجانہ کیس میں اداکارہ امبر ہرڈ کی کیس کو اولڈ ڈومینن سے کیلیفورنیا منتقل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس کو قابل سماعت قرار دے دیا ہے۔ عدالت کے اس قدم کو امریکی میڈیا میں پائریٹس آف کیریبین سٹار جونی ڈیپ کی اہم کامیابی کہا جارہا ہے۔جونی ڈیپ نے ہرجانے کا یہ کیس اپنی سابق اہلیہ کی جانب سے واشنگٹن پوسٹ میں لکھے گئے اس آرٹیکل کے خلاف دائر کیا تھا جو انہوں نے دسمبر 2018 میں گھریلو تشدد کے حوالے سے لکھا تھا۔ کیس کی سماعت کے دوران جج نے جونی ڈیپ سے اتفاق کرتے ہوئے کہا چونکہ یہ آرٹیکل ریاست ورجینیا کے اخبار میں شائع ہوا تھا اس لیے کیس بھی اسی ریاست میں چلے گا۔اگرچہ اس آرٹیکل میں جونی ڈیپ کا نام نہیں لیا گیا تھا لیکن اداکار نے اپنے کیس میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی سابق اہلیہ کی جانب سے گھریلو تشدد کے بارے میں لکھا جانے والا آرٹیکل یقینی طور پر ان کے بارے میں ہی ہے جس کی وجہ سے انہیں بہت سے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جونی ڈیپ نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ امبر ہرڈ کی جانب سے گھریلو تشدد کے الزامات کو 2 پولیس افسران ، غیر جانبدار گواہان اور 87 کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے غلط قرار دیا جاچکا ہے۔خیال رہے کہ اداکارہ امبر ہرڈ نے گھریلو تشدد کا الزام عائد کرکے اپنے اداکار شوہر جونی ڈیپ سے 2017 میں طلاق لی تھی۔