اسلام آباد ( سچ نیوز) صوبائی وزیر ہاﺅسنگ محمود الرشید نے کہا ہے کہ بیورو کریسی میں پچھلی حکومت کی ایک مضبوط لابی موجود ہے جوبیورو کریٹ بات نہیں مانے کا اس کاتبادلہ تو ہوگا۔جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے محمود الرشید نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے باعث آئی جی پنجاب کی تبدیلی کا الزام بھونڈا ہے ، اس تبادلے کی وجہ بعض احکامات ایسے ہوسکتے ہیں جن کی حکم عدولی ہوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کار سرکار میں کوئی مداخلت نہیں ہورہی ، یہ تمام معاملات دوتین ماہ میں طے کرلئے جائیں گے ، بیورو کریسی میں پچھلی حکومت کی ایک مضبوط لابی موجود ہے جوبیورو کریٹ کام نہیں کرے گا، اس کوتبدیل کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت میں شہبازشریف راتوں رات بیورو کریٹس کوتبدیل کردیا کرتے تھے مگر کوئی کچھ نہیں کہتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وقت دیں ، ہم کارکردگی دکھائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بیور و کریٹ بات نہیں مانے گا تو اس کا تبادلہ تو ہوگا۔