واشنگٹن(سچ نیوز)امریکی سیکیورٹی کمپنی بلیک واٹر نے افغان جنگ کی نجکاری کیلئے حکومت کی حمایت حاصل کرنے کی غرض سے اعلیٰ افغان قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔امریکی اخبار کے مطابق امریکہ کی نجی فوجی کمپنی اکادمی کے سربراہ ایرک پرنس نے افغان صدر اشرف غنی کو 2017 میں ایک خط کے ذریعے اْن سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ۔ تاہم، اشرف غنی نے ملاقات سے انکار کر دیا ۔ پرنس نے اس سلسلے میں متعدد اہم افغان شخصیات سے مسلسل رابطے کئے جن میں ایسی شخصیات بھی شامل ہیں جو آئیندہ صدارتی انتخاب میں صدر اشرف غنی کے مد مقابل اْمیدوار کے طور سامنے آ سکتی ہیں۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات پروگرام کے مطابق آئندہ برس منعقد ہوں گے۔تاہم پرنس نے واضح کیا کہ وہ افغان سیاست میں مداخلت نہیں کر رہے ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ افغانستان میں انتخابات ہونے والے ہیں اور افغان عوام خود اپنے لیڈر کا انتخاب کریں گے۔ پرنس کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جو بھی سیاسی جماعت برسر اقتدار آئی، وہ اْس کے لیڈروں سے افغان جنگ کے ایسے متبادل طریقوں کے بارے میں بات کریں گے جن سے لوگوں کا خون بہنا روکا جا سکے۔جنگ کی نجکاری کے حوالے سے بلیک واٹر کمپنی کے سربراہ پرنس کا کہناتھاکہ وہ افغانستان میں موجود ہزاروں امریکی فوجیوں کی جگہ نسبتاً کم تعداد میں نجی کنٹریکٹرز متعین کریں گے جن کی مدد کیلئے 90 لڑاکا جہازوں پر مشتمل نجی فضائیہ موجود ہوگی۔ اس نجی جنگ کی رابطہ کاری کے فرائض ایک کمانڈر انجام دے گا جسے وہ وائسرائے سے موسوم کرتے ہیں۔