نیو یارک (سچ نیوز )اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں پہلی بار اردو زبان میں خطاب کر کے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستانی قوم کے دل جیت لئے ہیں،دوسری طرف انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بے بنیاد الزامات کومسترد کرتے ہوئے ایسا دبنگ موقف اختیار کیا ہے کہ بھارت کو کہیں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بے بنیاد الزامات کو مسترد اور مظلوم کشمیری عوام کی بھر پور ترجمانی کرتے ہوئے اردو میں خطاب کیا اور کہا کہ بھارت نے اقوام عالم کے سامنے کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کو فروغ دیا ہے ، بھارت سے اسلحہ کی دوڑ کو کم کرنے کے لئے بات چیت کے لئے تیار ہیں لیکن ہمارا مشرقی ہمسایہ دہشتگردی کی مالی معاونت کررہا ہے ،بھارتی جاسوس کلبھوشن نےبھارتی حکومت کی ایماپرپاکستان میں دہشتگردی کی پلاننگ کی۔انہوں نے سابق سیکریٹری جنرل یو این کو فی عنان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی حکومت کی اولین ترجیح عوام کی فلاح ہے، موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تنزلی، بین الاقوامی جرائم کی روک تھام میں مشکلات درپیش ہیں، آج عالمی اصول متزلزل دکھائی دیتے ہیں، آج دنیا ایک دوراہے پر کھڑی ہے،پاکستان کے عوام نے جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے ووٹ دیا ،پاکستانی عوام نے ایسے پاکستان کے حق میں فیصلہ سنا یا جو امن پسند ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی مفادات کے حصول کے لیے کوشاں رہے گا ،پاکستان قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ پر کسی قسم کی سودے بازی کا متحمل نہیں ہو سکتا،بھارت کو پاکستان کے صبر کا امتحان نہیں لینا چاہیے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آج دنیا ایک دوراہے پر کھڑی ہے ،آج عالمی اصول متزلزل دکھائی دیتے ہیں ،مشرق وسطیٰ کے حالات باعث تشویش ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں پاکستان کے خلاف روایتی الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو پڑوسی ملک سے دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے، ہندوستان طویل عرصہ سے دہشت گردی کی مار جھیلتا آرہا ہے ،ہمیں دکھ ہے کہ ہمارے یہاں سرحد پار سے اپنا پڑوسی ہی دہشت گردی پھیلا رہا ہے، ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ کو اب تک انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا،امریکہ میں 11/9کے حملے کے ماسٹر مائنڈ کو تو سزا مل گئی لیکن 26/11 کا ماسٹر مائنڈ حافظ سعید پاکستان میں کھلے عام گھوم رہا اور ریلیاں کررہا ہے۔