جعلی اکاؤنٹس کیس نیب کے سپرد، 2 ماہ میں تفتیش مکمل کرنے کا حکم

اسلام آباد: (سچ نیوز) سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل اور جے آئی ٹی سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے جعلی بینک اکاؤنٹس کا معاملہ نیب کو بھجوا دیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا بلاول بھٹو معصوم ہے اس نے پاکستان آ کر کیا کیا ہے ؟ وہ تو صرف اپنی ماں کی وراثت کو لے کر چل رہا ہے۔
حکومت کا بلاول بھٹو اور مراد علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا اعلان

اومنی بینک کے وکلا نےجے آئی ٹی رپورٹ پر اعتراضات اٹھائے تو چیف جسٹس نے کہا اومنی گروپ والے تین بینک کھا گئے، ایک پولیس والے کہنے پر مقدمہ کھلا، جے آئی ٹی رپورٹ بے بنیاد نہیں، سندھ میں ایسے ٹھیکے دیکھے جو کاغذوں میں مکمل ہوگئے تھے، ہم نے بعد میں کام کرایا ، جے آئی ٹی نے بھی ایسے ہی ٹھیکوں کا ذکر کیا، معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا 172 لوگوں کے نام کابینہ دیکھ رہی ہے، نیب کو بار بار کہہ رہا ہوں لوگوں کی عزت نفس بہت اہم ہے، نیب کے زیر انتظام اس طرح کی چیزیں نہیں ہونی چاہئیں، نیب والے لوگوں کو بلا کر گھنٹوں بٹھا کے رکھتے ہیں۔ اٹارنی جنرل نے 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کابینہ نے ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں کا معاملہ کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔ وکیل اومنی گروپ نے کہا معاملہ کمیٹی کو بھجوا کر الجھا دیا گیا ہے۔

Exit mobile version