جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کے انتقال پر آرمی چیف کا اظہار افسوس

جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کے انتقال پر آرمی چیف کا اظہار افسوس

راولپنڈی (سچ نیوز ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے معروف قانون دان اور سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دعا کی ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم فخر الدین جی ابراہیم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔سابق اٹارنی جنرل اور سابق چیف الیکشن کمشنر کی اہم ذمے داریاں ادا کرنے والے فخر الدین جی ابراہیم طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے جن کی نماز جنازہ نور باغ قبرستان کراچی  میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں  چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سمیت دیگر ججز اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کی نماز جنازہ میں سابق ٹیسٹ کرکٹر معین خان سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد بھی شامل ہوئے بعد ازاں اُنہیں ان کے والدین کے پہلو میں دفن کر دیا گیا ۔

یاد رہے کہ پاکستان کے نامور قانون دان، سابق گورنر سندھ اور سابق چیف الیکشن کمشنر، ریٹائرڈ جسٹس فخر الدین جی ابراہیم  کی عمر 91 برس تھی ،جسٹس فخر الدین جی ابراہیم نے بیوہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی سوگواران میں چھوڑے ہیں۔ ان کے بیٹے زاہد فخر الدین جی ابراہیم ایڈیشنل اٹارنی جنرل رہ چکے ہیں اور جب حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کیا تو وہ بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

Exit mobile version