کوپن ہیگن (سچ نیوز) جرمنی کے بعد ڈنمارک اور فن لینڈ نے بھی سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت بند کردی، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے بھی اسلحہ سپلائی میں کمی کی گئی ہے، جبکہ امریکا اسلحہ دینے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈنمارک اور فن لینڈ نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت بند کرنے کا اعلان کیا ہے اس سے قبل جرمنی نے سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت مزید محدود کرتے ہوئے جاری معاہدے بھی ختم کرنےکا اعلان کیا تھا۔ڈنمارک کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ اسلحہ سپلائی بند کرنے کا فیصلہ یمن جنگ اور صحافی جمال خاشقجی واقعے کے باعث کیا گیا ہے۔سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اعدادو شمار کے مطابق برطانیہ اورفرانس کی جانب سے بھی سعودی عرب کواسلحے کی فروخت میں کمی آئی ہے، برطانیہ نے2016 میں 843ملین، 2017 میں 436ملین ڈالرکا اسلحہ سپلائی کیا۔فرانس نے2015 میں 174ملین، 2016 میں91ملین اور 2017 میں 27 ملین ڈالرکا اسلحہ فراہم کیا۔ سپین کی جانب سے بھی اسلحے کی سپلائی میں کمی دیکھی گئی ہے۔سعودی عرب مختلف ممالک سے سالانہ 4.1 ارب ڈالرمالیت کا اسلحہ خرید رہا ہے، جس میں امریکا 61 فیصد سپلائی کے ساتھ سرفہرست ہے۔امریکا 3.4ارب، برطانیہ 436 ملین، فرانس 27 ملین جبکہ دیگرممالک 225 ملین ڈالرکا اسلحہ سپلائی کر رہے ہیں۔ہتھیارفروخت کرنے والے ممالک میں کینیڈا، چین، ترکی، جنوبی افریقا، جارجیا، سربیا اور اٹلی بھی شامل ہیں۔