برلن(سچ نیوز)جرمنی میں ایک ہاٹ ایئر بیلون زمین سے 270 فٹ کی اونچائی پر ہائی وولٹیج بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرایا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ غبارہ بوٹروپ نامی شہر میں اس حادثے کا شکار ہوا، یہ غبارہ زمین سے 70 میٹر کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا جب یہ انتہائی طاقتور بجلی کی لائن کے ایک کھمبے میں جا الجھا۔فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق اس غبارے پر سوار تمام 6 افراد کو بچا لیا گیا اور حفاظتی اقدامات کے طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اس مشکل آپریشن کے لیے بجلی کی سپلائی منقطع کر دی گئی جبکہ غبارے کے ساتھ منسلک بڑی سی ٹوکری کو اس طرح محفوظ کیا گیا کہ وہ نیچے نہ گرے۔ترجمان کے مطابق غبارے پر سوار یہ تمام افراد اس حوالے سے خوش قسمت رہے کہ صرف غبارہ تاروں سے ٹکرایا اور اس کی باسکٹ یا ٹوکری جس میں یہ لوگ سوار تھے براہ راست بجلی کی تاروں سے نہیں ٹکرائی۔رواں برس جون میں ایک ہاٹ ایئر بیلون ایسن کے قریبی علاقے منسٹرلانڈ میں حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔