اسلام آباد: (سچ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جج مبینہ ویڈیو سکینڈل کے اہم ملزم ناصر جنجوعہ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا۔
احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے مبینہ ویڈیو سکینڈل کا اہم کردار ناصر جنجوعہ ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچا جہاں قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت عالیہ نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملزم ناصر جنجوعہ کی دو لاکھ کے مچلکوں کے عوض تیس جولائی تک عبوری ضمانت منظور کی اور ایف آئی اے کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزم ناصر جنجوعہ کو گرفتار نہ کیا جائے۔