ماسکو ( سچ نیوز ) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے واضح کیا ہے کہ جب تک وہ صدر ہیں اس وقت تک روس میں ماں اور باپ کے رشتے کے تقدس کا خیال رکھا جائے گا۔ایک ورکنگ گروپ کی میٹنگ کے دوران خاتون رکن اولگا باتالینا نے روسی صدر کو بتایا کہ روس میں بہت سے لوگ خاندانی نظام کے مستقبل کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس کو آئینی تحفظ فراہم کیا جائے۔ولادی میر پیوٹن نے اس تجویز کو خوش آمدید کیا لیکن ساتھ ہی کہا کہ اس معاملے پر انتہائی محتاط انداز میں غور کی ضرورت ہے۔
ولادی میر پیوٹن نے ورکنگ گروپ سے خطاب میں کہا کہ جب تک وہ روس کے صدر ہیں تب تک بچوں کی ولدیت میں ماں اور باپ کے نام لکھے جائیں گے، وہ اس سے پہلے بھی عوامی سطح پر اس بات کا اظہار کرچکے ہیں کہ روس میں والدین کی جگہ پیرنٹ نمبر ون ، پیرنٹ نمبر ٹو کی روایت نہیں پڑنے دی جائے گی۔خیال رہے کہ بعض مغربی ممالک نے بچوں کی ولدیت میں سے ماں اور باپ کا خانہ ختم کرکے اس کی جگہ پیرنٹ نمبر ون اور پیرنٹ نمبر ٹو کی اصطلاحات متعارف کرائی ہیں۔ فروری 2019 میں فرانسیسی سکولوں نے پیرنٹ ون، پیرنٹ ٹو لکھنا شروع کیا تھا جبکہ اٹلی نے بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کی تھی لیکن سابق ڈپٹی وزیر اعظم ماتیو سالوینی نے اسے رکوادیا تھا۔
اس معاملے میں پہل امریکہ نے کی تھی جس نے 2011 میں اعلان کیا تھا کہ وہ پاسپورٹ کی درخواستوں میں ولدیت کا خانہ ختم کرکے اس کی جگہ پیرنٹ نمبر ون اور پیرنٹ نمبر ٹو کے آپشن متعارف کرارہا ہے۔