ٹوکیو (سچ نیوز) جاپان کے بادشاہ آکی ہیتو نے آج (اتوار کو) شاہی محل میں اپنی 85 ویں اور بطور بادشاہ آخری سالگرہ منائی ہے۔ اگلے سال وہ اپنے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے اور ان کے بڑے صاحبزادے ناروہیتو جاپان کے بادشاہ بن جائیں گے۔تین دہائیوں سے زائد عرصے سے جاپان کے بادشاہ کے طور پر حکمرانی کرنے والے آکی ہیتو کی 85 ویں سالگرہ انتہائی دھوم دھام سے منائی گئی۔جاپان کے شاہی خاندان کا بھی برطانوی شاہی خاندان کی طرح سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں ہوتا لیکن ان کی عوام میں بھرپور پذیرائی ہے۔ جاپان کے بادشاہ کی آج ہونے والی سالگرہ کی تقریب میں 82 ہزار 850 لوگوں نے شرکت کی۔گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ان کی سالگرہ کے موقع پر یہ عوام کی سب سے بڑی تعداد تھی۔سالگرہ کی تقریب میں جاپانی بادشاہ نے اپنی ملکہ می چیکو کے ساتھ بالکنی پر آکر لوگوں کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا اور ایک تقریر بھی کی جس میں اپنے دور حکمرانی، دوسری جنگ عظیم اور عالمی امن کے حوالے سے بات کی۔آکی ہیتو اگلے سال 30 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے جس کے بعد ان کے 58 سالہ بڑے صاحبزادے نارو ہیتو جاپان کے اگلے بادشاہ بن جائیں گے۔ عمومی طور پر بادشاہ کی وفات کے بعد ہی ولی عہد کے سر پر حکمرانی کا تاج رکھا جاتا ہے لیکن 85 سالہ آکی ہیتو صحت کی خرابی کے باعث اپنے عہدے سے دستبردار ہورہے ہیں۔ اس سے قبل آخری بار 1817 میں جاپان کے بادشاہ نے اپنے عہدے سے دستبرداری کی تھی۔