ٹوکیو(سچ نیوز)جاپان کے لاپتا ہونے والے ایف 35 طیارے کا ملبہ مل گیا ،تباہ شدہ جنگی جہاز کے پائلٹ کی تلاش جاری ۔یاد رہے کہ جاپان کا ایف 35 جنگی طیارہ گذشتہ روز بحراوقیانوس سے لاپتہ ہو گیا تھا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز جاپان کے شمال مشرقی شہر مساوا کی ایئربیس سے اڑان بھرنے کے 30 منٹ بعد بحراوقیانوس سے لاپتہ ہو نے والے جاپانی جنگی طیارےایف 35 کا ملبہ مل گیا ہے تاہم جہاز کے پائلٹ کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا اورنہ ہی یہ معلوم ہو سکا ہے کہ طیارہ تباہ ہونے کی کیا وجوہات تھیں۔ جاپانی وزیر دفاع تاکیشی لوایا نے کہا ہے کہ ہمیں جنگی طیارے کی دم کے کچھ حصے ملے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ تباہ ہوا ہے۔تاکیشی لوایا نے کہا کہ لاپتہ ہونے والے پائلٹ نے ایئربیس کو مشن ختم کرنے کا پیغام بھیجا تھا لیکن اس کے فوری بعد ان کے ساتھ مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔دوسری طرف امدادی ٹیمیں لاپتا جہاز کے 40 سالہ پائلٹ کو ڈھونڈنے کے لیے تلاش جا ری رکھے ہوئے ہیں۔تباہ ہونے والاجاپان کا جنگی جہاز صرف ایک سال پرانا تھا اور اس سے قبل اسی طرح کا ایک اور طیارہ امریکہ میں بھی گر چکا ہے
واضح رہے کہ جاپان اپنے فضائی بیڑے میں ایف 4 جنگی جہازوں کی جگہ نو کروڑ ڈالر مالیت کےایف 35 طیاروں کو شامل کر رہا ہے لیکن اس حادثے کے بعد جاپانی حکام نے باقی بارہ جہازوں کو عارضی طور پر پرواز کرنے سے روک دیا ہے۔