ٹوکیو(سچ نیوز)جاپان کے بادشاہ اکی ہیتو نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے30 سالہ تخت نشینی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹوکیو میں واقع شاہی محل میں ہونے والی تقریب میں اکی ہیتو نے اپنی30سالہ بادشاہت سے دستبرداری کا اعلان کیا۔جاپان کی200سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بادشاہ کی جانب سے خود سے تخت نشینی چھوڑنے کا اعلان کیا گیا۔اپنے آخری خطاب میں85سالہ اکی ہیتو کا کہنا تھا کہ اپنی عمر اور خراب صحت کے باعث اپنی ذمہ داریاں مزید نہیں نبھا سکتا۔آج( بدھ) کو ان کے بڑے بیٹے ولی عہد نرو ہیتو بادشاہت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔خیال رہے کہ جاپان میں بادشاہ کے پاس کوئی سیاسی اختیار نہیں ہوتا لیکن بادشاہ قومی شخصیت کے طور پر ملک کی خدمت کرتا ہے۔جاپان میں بادشاہت اس لیے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اسے دنیا میں جاری سب سے قدیم موروثیت مانا جاتا ہے جس کی تاریخ 600سال قبل مسیح تک جاتی ہے۔