تہران (سچ نیوز) سفارتکار کا کام دو ملکوں کے درمیان رابطہ کار کا کام کرنا اور اپنے ملک کیلئے دوسرے ملک کی حکومت اور عوام میں نرم گوشہ پیدا کرنا ہوتا ہے لیکن جاپان کے ایران میں تعینات سفیر اس سے بھی آگے بڑھ گئے۔جاپان کے ایران میں تعینات سفیر مٹسوگو سائیتو نے گزشتہ ماہ 15 نومبر کو جاپانی سفارتخانے میں ہونے والی تقریب کے دوران جادو کا کھیل پیش کرکے دنیا کو حیران پریشان کردیا۔ جاپانی سفارتخانے میں جاپان کے بادشاہ کی سالگرہ کے سلسلے میں تقریب جاری تھی ۔ سفیر مٹسوگو سائیتو جب تقریر کیلئے آئے تو اپنا جادو کا سامان بھی ساتھ لے آئے ۔ انہوں نے ہاتھ میں ایک رومال پکڑ کر جادو کا کھیل شروع کیا اور انہیں تین مختلف رنگوں کے رومالوں میں تبدیل کردیا۔ان تینوں رومالوں کو انہوں نے ایک شاپنگ بیگ میں ڈالا اور اسے پھاڑ دیا۔ شاپنگ بیگ جیسے ہی پھٹا تو اندر سے ایران کا پرچم نکل آیا جس پر شرکا نے خوب تالیاں بجائیں۔