ٹوکیو(سچ نیوز)اڑنے والی خود کار کاروں کی تیاری اب تک صرف ایک تخیل رہا ہے مگر ٹیکنالوجی کی برق رفتار ترقی نے اس خیال کو حقیقت کے روپ میں تبدیل کرنے کے قریب پہنچا دیا ہے۔ جاپان ان ممالک میں سر فہرست ہے جو عن قریب اڑنے والی ڈرون کاریں متعارف کرانے جا رہے ہیں۔جاپانی ٹی وی کے مطابق جاپانی حکومت رواں سال اڑنے والی کاروں کے روٹ کے نقشے جاری کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک انقلابی پیش رفت ہے جس کے نتیجے میں سڑکوں پر ٹریفک کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملنے کے ساتھ شہریوں کو گاڑیوں کے لیے انتظار کی زحمت سے بھی بچایا جاسکے گا۔ اڑنے والی کاروں کی سہولت حاصل ہونے کے بعد کوئی بھی شخص اپنے گھر یا دفتر کی چھت سے کار کی مدد سے اپنی منزل مقصود پر روانہ ہوسکے گا۔جاپانی حکومت کے ایک عہدیدار فومیاکی ابیھارا کا کہنا ہے کہ اڑنے والی کاروں کا منصوبہ ہر اعتبار سے الگ اور نیا ہے۔ اس نے جاپان کے سامنے ترقی کا ایک نیا دروازہ کھولا ہے جس میں تاخیر کی گنجائش نہیں، تاہم ابیھارا کا کہنا ہے کہ اڑنے والی کاروں کی تیاری اور اسے عملی شکل دینے میں بعض تکنیکی رکاوٹیں بھی حائل ہیں۔ مثلا اڑنے والی کاروں کی پٹیری کے اوقات، فضاءمیں معلق رہنے، صارفین کی سلامتی کے ضروری اقدامات اور دیگر مسائل دور کرنے پر کام جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق جاپانی حکومت کو توقع ہے کہ وہ 2020ءمیں ٹوکیو میں کھیلے جانے والے اولمپک مقابلوں میں اڑنے والی کاروں کو نمائش کے لیے پیش کریں، تاہم فی الحال یہ غیراضح ہے کہ آیا ٹوکیو اپنا یہ ہدف پورا کرسکے گا یا نہیں۔ گذشتہ برس ڈرون کاروں کا تجربہ کیا گیا تھا مگر کار تھوڑی بلندی پر جانے کے بعد گر کر تباہ ہوگئی تھی۔ تاہم اس کے بعد کے تجربات سے اندازہ ہوتا ہے کہ ڈرون اڑن کاریں زیادہ وقت تک فضاءمیں سفر کرسکتی ہیں تاہم فی الحال یہ منصوبہ تجربے کے عمل سے گزر رہا ہے۔