اسلام آباد (سچ نیوز) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ شہبازشریف کی اہلیہ تہمینہ درانی این آر او کیلئے سرگرم ہیں، جو شخص ریمانڈپر ہو اس کے پروڈیکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئے ،تین ہفتے میں جھاڑو پھرتا دیکھ رہا ہوں۔نجی ٹی وی چینل سماءنیوز کے پروگرام ”آواز “ میں عوامی مسلم لیگ کے صدر اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پی اے سی پر مان گئی مزید باتیں بھی مان لے گی، شہباز شریف این آر او مانگ رہے ہیں، جو شخص ریمانڈپر ہو اس کے پروڈیکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئے ،شہبازشریف کی اہلیہ تہمینہ درانی این آر او کیلئے سرگرم ہیں اور میری اطلاعات ہیں کہ یہ لوگ درمیانی راستے کی تلاش میں ہیں ، مشرف سے این آر او میں بھی شہبازشریف کا مرکزی کردارتھا ،مسلم لیگ کے سب ہی لوگ شہباز شریف پرسہارا کیے بیٹھے ہیں،شریف برادران ملک کے بے تاج بادشاہ بنے بیٹھے تھے اور اُنہوں نے خود سے بڑے کام کرنے کی کوشش کی۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے تمام مقدمات ناقص انداز میں لڑے، نواز شریف جب لندن سے واپس آئے تو ان کا بھائی بھی انہیں لینے ایئر پورٹ نہیں پہنچا تھا ۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بے نظیر بھٹو کے ذریعے سیاست میں آئے، زرداری ملک کے صدر تو کیا کونسلر بھی نہیں بن سکتے تھے، آصف علی زرداری کو بلاول کے ساتھ نہیں دیکھ رہا، بلاول کو زرداری کی حقیقت کا علم ہوگا توان کا رویہ بدل جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ تین ہفتے میں جھاڑو پھرتا دیکھ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہتے تھے جو ہار مان لیتا ہے وہ ہار جاتا ہے، عمران خان نے جدو جہد کی اور ہار نہیں مانی اس لئے آج وہ کا میاب ہے۔