ممبئی (سچ نیوز )بھارت میں شوہر نے بیوی کے سوشل میڈ یا پر مشہور ہونے اور اس کے غیر مردوں کے ساتھ تعلقات کا شک ہونے پر اس کو قتل کردیا ۔بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں 25 سالہ ایاز احمد نے اپنی 22 سالہ بیوی کوقتل کیا ۔احمد اور ریشما ایک ہی فنانس کمپنی میں ملازمت کرتے تھے جہاں وہ ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے اور دونوں نے شادی کرلی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق 22 سالہ ریشما منگلانی کو سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل تھی، فیس بک پر اس کے فالوورز کی تعداد 6 ہزار تک تھی اور اس وجہ سے وہ کئی لوگوں سے رابطے میں بھی رہتی تھی جبکہ اس کا شوہر ایک آن لائن فوڈ کمپنی میں ڈیلیوری بوائے تھا۔شادی کے کچھ عرصے بعد ہی ایاز کو ریشما پر بے وفائی کا شک ہونے لگا اور اسی وجہ سے دونوں میں اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔اس کے علاوہ ایاز، ریشما کا نہ صرف فون چیک کرتا تھا بلکہ اس کے میسج بھی پڑھتا، ان باتوں سے تنگ آکر ریشما ناراض ہوکر اپنے میکے چلی گئی۔لیکن کچھ عرصے بعد ایاز، ریشما کو یہ کہہ کر گھر واپس لے آیا کہ وہ سارے جھگڑے ختم کرنا چاہتا ہے۔بعد ازاں وہ اپنی بیوی کو اس کی اسکوٹی پر جے پور کے تفریحی مقام امیر لے گیا جہاں اس نے ریشما کو گلا گھونٹ کر مار ڈالا اور اس کی شناخت چھپانے کے لیے بھاری پتھر سے اس کا چہرہ بگاڑ دیا۔اگلی صبح پولیس کو ریشما کی لاش ملی جس کے بعد انہوں نے ایاز کو حراست میں لے لیا۔