استنبول(سچ نیوز) ہمارے حکمران کسی حادثے کے شکار شہریوں کے پرسے کے لیے جائیں بھی تو رسماً ہی جاتے ہیں اور ان کے پروٹوکول کے باعث متاثرہ شہریوں کو الٹی کوفت ہوتی ہے۔ گزشتہ روز ترکی کے شہر استنبول میں ایک رہائشی عمارت منہدم ہونے سے ہلاکتیں ہوئیں تو ترک صدر وہاں ایسے پہنچے کہ دیکھ کر ہمارے حکمرانوں کو یقین ہی نہ آئے۔ میل آن لائن کے مطابق صدر رجب طیب اردگان زخمیوں کی عیادت کے لیے ہسپتال بھی گئے اور گرنے والی عمارت کی جگہ پر جا کر بھی شہریوں کی ڈھارس بندھائی۔اس کے بعد صدر اردگان نے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی اجتماعی نماز جنازہ پڑھی اور جنازے کو کندھا بھی دیا۔اس تمام وقت میں صدر اردگان عام شہری کی طرح لوگوں سے ملتے اور ان غمزدہ شہریوں کو پرسا دیتے رہے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور رپورٹ آنے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق عمارت گرنے کا یہ واقعہ استنبول کے کرتل ضلع میں پیش آیاجہاں 8منزلہ عمارت کی اوپر کی تین منزلیں منہدم ہو گئیں۔ اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 17ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی عمارت کی خلافِ قانون زیادہ منزلیں تعمیر کی گئی تھیں اور ممکنہ طور پر حادثے کی وجہ بھی یہی قانون شکنی ہو سکتی ہے۔