انقرہ (سچ نیوز ) ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو کا کہنا ہے کہ ترکی سے یورپ میں داخل ہونے والے غیر رجسٹرڈ مہاجرین کی تعداد پیر کے روز 1 لاکھ 17 ہزار 677 تک پہنچ گئی ہے۔مہاجرین ترکی کے شمال مغربی صوبے ادرین کے ذریعے یونان اور بلغاریہ میں داخل ہورہے ہیں، جمعہ کے روز ترکی نے اعلان کیا تھا کہ وہ غیر رجسٹرڈ مہاجرین کو یورپ میں داخلے سے نہیں روکے گا جس کے بعد مہاجرین کی بڑی تعداد ادرین کے بارڈر پر پہنچ گئی ۔
ترکی میں اس وقت شام سے تعلق رکھنے والے 37 لاکھ مہاجر موجود ہیں جو کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تعداد ہے، گزشتہ ہفتے شامی فوج نے حملہ کرکے 34 ترک فوجیوں کو مار دیا تھا جس کے بعد انقرہ نے اعلان کیا تھا کہ یورپ اپنے 2016 کے معاہدے پر عملدرآمد میں ناکام ہوچکا ہے اس لیے وہ اب مہاجروں کو یورپ میں داخل ہونے سے مزید نہیں روکے گا۔