انقرہ (سچ نیوز )ترکی نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے نامعلوم ڈرون کو شامی سرحد پر مار گرایا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ترکی وزارت دفاع نے بتایا کہ نامعلوم ڈرون نے 6 مرتبہ ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔اس ضمن میں مزید بتایا گیا کہ ہمارے دو ایف 16 جنگی طیاروں نے انسیرلیک ایئر بیس سے پرواز بھری اور ڈرون کو مار گرایا۔ وزارت دفاع کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈرون کی ملکیت کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے اور ڈرون کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ شامی سرحد کے نزدیک ترک صوبے کیلس میں مار گرائے ڈرون کا ملبہ ملا۔واضح رہے کہ نومبر 2015 میں ترکی نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شامی سرحد کے قریب روس کا ایک جنگی طیارہ مار گرایا تھا۔