اسلام آباد (سچ نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے ترکی کے صوبے بٹلس میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 2 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتی میں پاکستان سمیت کئی ممالک کے شہری سوار تھے، کشتی میں سوار پاکستانیوں کی تعداد 25 تھی جبکہ مجموعی طور پر اس میں 71 افراد سوار تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 2 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی اور کہا کہ ترکی میں پاکستانی سفارتخانہ ترک حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت کاعمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کشتی میں سوار دیگر 23 پاکستانیوں کو بچالیا گیا ہے اور وہ ترکی کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔