استنبول( سچ نیوز ) ترکی میں گزشتہ دنوں 6.8شدت کا زلزلہ آیا جس نے تباہی مچا دی۔ اب تک اس آفت کی وجہ سے 31افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ زلزلے سے سب سے زیادہ ترک شہر ایلازیگ متاثر ہوا جہاں منہدم ہونے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ ملبہ ہٹانے کے اس کام کے دوران گزشتہ روز ایک ایسا معجزہ دیکھنے کو ملا کہ ہر شخص بے اختیار سبحان اللہ پکار اٹھا۔
میل آن لائن کے مطابق ریسکیو ورکرز نے ایک عمارت کا ملبہ ہٹایا تو نیچے سے 2سالہ بچی زندہ و سلامت نکل آئی۔ اس وقت تک زلزلے کو 28گھنٹے گزر چکے تھے اور اتنی دیر سے یہ بچی ملبے کے نیچے دبی ہوئی تھی۔رپورٹ کے مطابق اس بچی کے ساتھ ساتھ اس کی ماں بھی اب تک ملبے کے نیچے زندہ تھی تاہم اسے کافی چوٹیں آئی ہوئی تھیں۔ اس 35سالہ خاتون کا نام آئسے یلدیز اور اس کی دو سالہ بچی کا نام یسریٰ بتایا گیا ہے۔خاتون اپنی بچی کے ساتھ مصطفی پاشا ڈسٹرکٹ میں رہتی تھی۔ اس علاقے میں درجہ حرارت انتہائی کم ہوتا ہے۔ رات کے وقت اب بھی منفی 5ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا جاتا ہے۔ اس حالت میں بھی ماں بیٹی کا 28گھنٹے بعد ملبے سے زندہ نکل آنا یقینا ایک معجزہ ہے۔
واضح رہے کہ اس تباہ کن زلزلے میں 1ہزار 556لوگ زخمی ہوئے اور سینکڑوں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ ریسکیو ٹیموں نے زلزلہ متاثرین کے لیے ساڑھے 9ہزار خیمے لگا دیئے ہیں جہاں بے سروسامان لوگوں کو رکھا جا رہا ہے۔