برلن(سچ نیوز) چینی فوج کے ٹینک تاریخ میں پہلی مرتبہ یورپ کی سرزمین پر پہنچ گئے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق جرمنی میں فوجی جنگی مشقیں ہو رہی ہیں جن میں چینی لبریشن آرمی کے دستے بھی اپنے ٹینکوں اور دیگر جنگی سازوسامان کے ہمراہ شریک ہیں۔ یہ تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ چینی فوج یورپ میں کسی یورپی ملک کی فوج کے ساتھ مشترکہ جنگی مشقیں کر رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ مشقیں ’کمبائنڈ ایڈ‘ (Combined Aid)کے نام سے کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد جرمن اور چینی فوج کو کسی ممکنہ انسانی بحران سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے۔مشقوں میں دونوں افواج کے میڈیکل یونٹ بھی حصہ لے رہے ہیں۔ چینی فوج کے ریٹائرڈ کرنل ژو گنگ کا کہنا ہے کہ ”جرمنی کے ساتھ مشترکہ جنگی مشقیں خوش آئند بات ہے۔ میں توقع کر رہا ہوں کہ مستقبل میں یورپ کے ساتھ فوجی تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔“