ویانا(سچ نیوز)اٹلی اور آسٹریا کے وزرائے داخلہ نے بحیرہ روم سے بازیاب کیے گئے مہاجرین کو بحری جہازوں پر روکنے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔ اس تجویز کے مطابق ان مہاجرین کی پناہ کی درخواستوں پر عمل درآمد تک بحری جہازوں میں رکھا جائے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں یورپی یونین اور افریقی ممالک کے درمیان ہونے والے ایک اجلاس میں یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ یورپ کا رخ کرنے والے مہاجرین کو بحیرہ روم میں عارضی طور پر بحری جہازوں میں رکھا جائے۔ مہاجرت سے منسلک مسائل پر مبنی اس اجلاس میں آسٹریا اور اٹلی کی جانب سے اس تجویز کی حمایت کی گئی ہے۔ اس اجلاس میں مزید الجزائر، چاڈ، مراکش، نائیجر، مالی اور تیونس کے نمائندے بھی موجود تھے۔آسٹریا کے وزیر داخلہ ہیربرٹ کیکل نے اٹلی کے وزیر داخلہ ماتیو سالوینی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یورپ کی بحری حدود میں داخل ہونے والے مہاجرین کو بحری جہاز کے ذریعے ہی بازیاب کروایا جاتا ہے لہٰذا ان بحری جہازوں پر قیام کے دوران ہی پناہ کے مستحق مہاجرین کے کوائف کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جائے۔