آگرہ (سچ نیوز ) ویسے تو ہندو ازم میں بندروں کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے لیکن جب بات غیر ملکی سیاحوں کی حفاظت کی ہو توبھارتی حکام اس جانور کا بھی کوئی لحاظ نہیں کرتے تاکہ دنیا میں شرمندگی سے بچا جا سکے ۔اب خبر سامنے آئی ہے کہ معروف سیاحتی مقام تاج محل میں غیر ملکی سیاحوں کو بندروں سے بچانے کے لیے بھارتی پولیس کو غلیلیں فراہم کردی گئی ہیں
۔تفصیل کے مطابق پولیس اہل کاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سیاحوں کو تنگ کرنے والے بندروں کو ڈرانے اور بھگانے کے لیے غلیل اور کنکر کا استعمال کریں تاکہ انہیں گزند بھی نہ پہنچے۔قدامت پسند ہندووں کے نزدیک بندر ایک متبرک جانورہے لیکن یہ انتہائی شرارتی جانور تاج محل کے پاس بڑی تعداد میں پا یا جاتا ہے جو سیاحوں سے کھانے پینے کی اشیا چھین لیتا ہے ۔حالیہ مہینوں میں غیرملکیوں سمیت کئی سیاح بندورں کے حملوں میں زخمی ہو چکے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق اس شہر میں ان کی تعداد 15000 کے لگ بھگ ہے۔ ان کی اکثریت سنگ مرمر سے بنے تاج محل کے اندر اور آس پاس پائی جاتی ہے۔اب دنیا بھر میں شرمندگی سے بچنے کے لیے حکام نے بھارتی پولیس کو غلیل کی مدد سے بندر بھگانے کا ٹاسک دے دیا ہے ۔