نئی دہلی( سچ نیوز ) رشتے کی تلاش کرتے ہوئے کوئی اپنی اوقات نہیں دیکھتا، صرف اپنے متوقع دولہا یا دلہن کے خواص اس کی نظر میں ہوتے ہیں۔ اس کی ایک ایسی مثال گزشتہ دنوں بھارت سے سامنے آئی کہ سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارت کے ایک اخبار میں ایک نوجوان نے رشتے کا اشتہار دیا ہے جو خود تو بے روزگار ہے مگر اسے اپنی دلہن میں جو خوبیاں چاہئیں، وہ پڑھ کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ اس نوجوان کا نام ابھیناﺅ کمار ہے۔ اس نے اشتہار میں لکھا ہے کہ ”میرے پاس ڈینٹسٹ کی ڈگری ہے مگر فی الحال بے روزگارہوں۔ میرا قد 5فٹ 8انچ ہے، میری تاریخ پیدائش 2اپریل1989ءاور پیدائش کا وقت صبح 9بج کر 45منٹ ہے۔ میری پیدائش بھاگل پور، بہار میں ہوئی اور میں براہمن ہوں۔“
نوجوان نے اشتہار میں مزید لکھا کہ ”میری ذات بھردواج ہے۔ مجھے انتہائی گوری چٹی، خوبصورت، بہت وفادار، بہت قابل بھروسہ، محبت کرنے والی، دیکھ بھال کرنے والی، بہادر، طاقتور، امیر اور انتہائی محبت وطن لڑکی کا رشتہ درکار ہے۔ لڑکی بھارتی فوج میں اضافے کی شدید حامی ہو اور بھارت کی سپورٹس کی صلاحیتوں میں اضافے کی متمنی ہو۔ وہ بنیاد پرست اور جوش و جذبے والی ہو۔ بچے پالنے میں مہارت رکھتی ہو اور بہترین کھانے بھی بنا سکتی ہو۔ وہ بھارتی ہندو براہمن ہو اور ملازمت کرتی ہوں۔ اس کا تعلق جھاڑکھنڈ یا بہار سے ہو۔ ہماری مکمل کنڈلی ملنی چاہیے، پورے 36گُن ملنا لازمی ہے۔“اس کے نیچے حضرت نے اپنا فون نمبر اور ای میل ایڈریس دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ صرف ایس ایم ایس کے ذریعے بات کریں، مہاپرش کال ریسیو نہیں کریں گے۔ اختتام میں اس نے یہ بھی لکھا کہ ہے کہ شادی کی کوئی جلدی نہیں ہے۔