نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں پسند کی شادی کرنے پر برادری والوں نے لڑکی کو انتہائی حیران کن سزا دے ڈالی۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق اس لڑکی نے برادری سے باہر کے لڑکے سے پسند کی شادی کی تھی جس پر برادری والوں نے اسے حکم دیا کہ وہ اپنے شوہر کو کندھوں پر اٹھا کر گاﺅں کا چکر لگائے۔ یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے گاﺅں جھبوا میں پیش آیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جب لڑکی اپنے شوہر کو کندھوں پر اٹھا کر گاﺅں کا چکر لگا رہی تھی تو گاﺅں کے لوگ ساتھ چلتے ہوئے اسے گالیاں دے رہے تھے، تالیاں اور سیٹیاں بجا رہے تھے اور اس کا تمسخر اڑا رہے تھے۔ واقعے کی ایک ویڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی، جس کی عمر 20سے 22سال کے لگ بھگ ہے، اتنا وزن اٹھانے کی وجہ سے بے حال ہوتی ہے اور اس کا سانس پھولا ہوا ہوتا ہے۔ اگر کہیں وہ سانس لینے کے لیے رکتی ہے تو ہجوم گالیوں کی بوچھاڑ کر دیتا ہے اور اسے دوبارہ چلنے پر مجبور کر دیتا ہے۔