لاہور (سچ نیوز) حکومت نے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو پیرول پر رہا کردیا ، تینو ں اہم شخصیات اس وقت لاہور کیلئے اڈیالہ جیل سے روانہ ہوچکی ہیں جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی نمازہ جنازہ اور تدفین کے عمل میں شرکت کریں گے ۔
دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سات گھنٹے قبل اڈیالہ جیل پہنچے تھے جہاں انہوں نے نوازشریف اور مریم نواز سے ملاقات کی تھی ۔ شہبازشریف نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو 5روز کیلئے نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیر ول پر رہائی کیلئے درخواست دی تھی جس پر حکومت نے ان کو ابتدائی طور پر 12گھنٹے کیلئے رہا کردیاہے جس کے بعد پیر ول پر رہائی میں اضافہ کیا جائیگا۔شہبازشر یف پیرول پر رہائی کے بعد میاں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو لیکر لاہور کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔
قانونی ماہرین کے مطابق حکومت پیرول پر رہائی کے بعد پیرول کی مدت میں وقفے وقفے سے تین پر بار اضافہ کرسکتی ہے اوراگر اس کے بعد پیرول کی مدت میں مزید اضافہ مطلوب ہوتو ان کو پیرول پر مزید رہائی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، البتہ مجبوری کی صورت میں جاتی عمرہ میں نوازشر یف کے گھر کوسب جیل قرار دیا جا سکتا ہے ۔