پٹنہ(سچ نیوز ) بھارت میں بیوی کے قتل کے الزام میں قید شوہر کے اہل خانہ کو مقتولہ زندہ حالت میں مل گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار سے گزشتہ مئی 2018ءکو ایک شخص کی بیوی لاپتا ہوگئی تھی، گمشدگی کے بعد ایک کھیت سے مسخ شدہ حالت میں خاتون کی لاش ملنے پر سسرالیوں نے داماد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرادیا تھا۔پولیس نے سسرالیوں کی درخواست پر فوری طور پر شوہر کو گرفتار کرلیا اور خاتون کی مسخ شدہ لاش کو شوہر کی بیوی بھی ثابت کردیا جس پر عدالت نے ضمانت منسوخ کر کے بے چارے شوہر کو جیل بھیج دیا تھا جہاں وہ سزا کاٹ رہا تھا۔
مقدمے میں اس وقت دلچسپ موڑ آیا جب حال ہی میں شوہر کے گھر والوں کو لاپتا ہونے والی اہلیہ نے دہلی سے فون کر کے بتایا کہ وہ انسانی اسمگلنگ کرنے والے ایک خطرناک گروہ کے چنگل سے بڑی مشکل سے بچ کر دارالحکومت پہنچی ہے اور گھر واپس آرہی ہے۔شوہر کے اہل خانہ نے مقتولہ قرار دیئے جانے والی خاتون کو عدالت میں پیش کردیا جس پر عدالت نے پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انویسٹی گیشن آفیسر کو معطل کرنے کی سفارش کی اور شوہر کو رہا کردیا گیا۔