اسلام آباد: (سچ نیوز) بیرون ملک اکاؤنٹس کیس میں وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان سپریم کورٹ میں پیش۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ 2 کروڑ 94 لاکھ روپے ایک ہفتے میں ایف بی آر کے پاس جمع کرائیں، رقم جمع نہ کرانے پر علیمہ خان کی جائیداد ضبط کرلیں۔
پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ علیمہ خان نے عدالت کو بتایا کہ دبئی میں جائیداد 3 لاکھ 70 ہزار ڈالرمیں خریدی، دبئی میں جائیداد خریدنے کیلئے 50 فیصد رقم قرض لی۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا میری موکلہ پر 18 ملین روپے کے واجبات ہیں۔ کمشنر ایف بی آر کا کہنا تھا ان کے ذمہ 2 کروڑ 94 لاکھ روپے کے واجبات ہیں۔
ادھر چیف جسٹس نے ایف آئی اے کو سینیٹر وقار کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ ثابت نہیں کر سکے پیسہ کیسے ملک سے باہر لے کر گئے، 6 کروڑ روپے جمع کرائیں۔ وکیل نے کہا میرے موکل کی طرف سے جو رقم بنتی ہے وہ دینے کیلئے تیار ہیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا سینیٹر وقار کو گرفتار کریں، انہوں نے ایک ارب روپے پر ایمن سٹی لی اور صرف 5 فیصد ٹیکس دیا، سینیٹر وقار ایک ارب روپے کیسے لے کر آئیں ؟ ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیں، بادی النظر میں سینیٹر وقار نے دبئی جائیداد منی لانڈرنگ سے بنائی، لانچز اور ہنڈی کے ذریعے پیسہ باہر بھجوایا گیا، ایف بی آرتفتیش کرے گی تو پتا چلے گا پیسہ کیسے باہر گیا۔