ممبئی (سچ نیوز )بھارتی ریاست تامل ناڈو کی عدالت نے تامل کے معروف اداکار ” وشال کرشنا “ کے نقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق وشال کرشنا پر الزام ہے کہ ان کے پروڈکشن ہاﺅس نے گزشتہ پانچ سالوں میں ملازمین کی تنخواہوں سے کاٹے گئے ٹی ڈی ایس جمع نہیں کروائے ہیں ، ان کی پروڈکشن ، وشال فلم فیکٹری کا دفتر بھارت کے شہر ” واڈا پالانی “ میں ہے جہاں 2007 میں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے چھاپہ بھی مارا گیا تھا ۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکار نے چنئی کی ایڈیشنل چیف میٹرپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ نمبر دو میں پیش ہونا تھا لیکن وہ اپنی حاضری یقینی نہیں بنا سکے جبکہ وشال کرشنا کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ ان کے کلائنٹ کو سمن موصول ہی نہیں ہوئے ۔وکیل استغاثہ کا کہناتھا کہ کرشنا وشال کو دوسری مرتبہ طلبی کیلئے سمن جاری کیے گئے ہیں لیکن وہ پھر بھی حاضر نہیں ہوئے ۔ اداکار نے 24 جولائی کو عدالت میں پیش ہونا تھا ۔ عدالت نے کیس کی سماعت 28 اگست تک ملتوی کر دی ہے ۔