بھارت کے سب سے مشہور مسلمان ’نائی‘ نے مودی کی جماعت بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی

بھارت کے سب سے مشہور مسلمان ’نائی‘ نے مودی کی جماعت بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی

نئی دلی ( سچ نیوز ) بھارت کے مشہور نائی اور سلیبریٹی سٹائلسٹ جاوید حبیب نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کرلی ۔

پیر کے روز جاوید حبیب نے نئی دلی میں بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا’ آج تک میں بالوں کا چوکیدار تھا ، آج میں دیش کا چوکیدار بن گیا ہوں‘۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بی جے میں شمولیت اختیار کرنے پر خوشی ہے کیونکہ انہوں نے گزشتہ 5 سال کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک میں کام کرتے ہوئے دیکھا ہے، ” کسی کو بھی اپنے بیک گراﺅنڈ پر شرمندگی نہیں ہونی چاہیے، اگر وزیر اعظم مودی اپنے آپ کو چائے والا کہہ سکتے ہیں تو مجھے ’ نائی‘ کہلانے میں کوئی عار نہیں ہے“۔

خیال رہے کہ جاوید حبیب انڈیا کے سب سے مشہور ہیر سٹائلسٹ ہیں جن کی پورے ملک میں 550 نائی کی دکانیں ہیں ، انہوں نے انڈیا کے علاوہ تین ممالک تک اپنے کاروبار کو وسعت دے رکھی ہے۔ انڈین ویب سائٹ سٹائل کریز نے 2017 میں بھارت کے ٹاپ 10 ہیئر سٹائلسٹ کی فہرست جاری کی تھی جس میں جاوید حبیب کو سرفہرست رکھا گیا تھا۔ انڈیا میں جاوید حبیب کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ وہ خود بھی ایک سلیبرٹی کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں ، انہیں نہ صرف بڑے بڑے برانڈز کے افتتاح کیلئے بلایا جاتا ہے بلکہ وہ بڑے بڑے فورمز پر تقریریں بھی کرتے ہیں۔

Exit mobile version