نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت کے امیر ترین آدمی مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی ،شادی کے مہنگے ترین دعوت نامے سمیت کئی حوالوں سے پہلے لوگوں کے لیے حیرت کا سامان کر رہی تھی اور اب اس شادی نے ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ یہ ریکارڈ کسی بھی شادی پر مہمانوں سے بھرے زیادہ سے زیادہ ہوائی جہاز آنے کا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق چھتراپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ ممبئی پر ایک دن 1ہزار 7پروازیں آنے جانے کا ریکارڈ قائم ہوا اور اس کی وجہ مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی تھی جس کی تقریبات شروع ہو چکی ہیں اور ان میں شرکت کے لیے بالی ووڈ کے ستاروں سمیت دنیا بھر سے بڑی شخصیات ادے پور پہنچ رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق بیشتر فنکار، سرمایہ دار اور دیگر بڑی شخصیات چونکہ بیرون ملک سفر میں رہتی ہیں چنانچہ اب وہ ایشا امبانی کی شادی میں شرکت کے لیے پہنچ رہی ہیں اس لیے ایئرپورٹ پر اتنی زیادہ پروازیں آ رہی ہیں اور یہ ریکارڈ قائم ہوا ہے۔تاہم ممبئی ایئرپورٹ کے حکام نے پروازوں میں اس قدر اضافے کی وجہ بتانے سے گریز کیا۔ واضح رہے کہ ایشا امبانی اور آنند پیرامل کی شادی 12دسمبر کو ہو رہی ہے۔ اس وقت دولہا دلہن اپنی شادی کی تقریبات کے لیے ادے پور میں موجود ہیں۔