نئی دہلی(سچ نیوز)ہندوستان کی 5 ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں پولنگ کا مرحلہ مکمل ہو گیا ،راجھستان اسمبلی میں کانگریس کو واضح برتری حاصل ،مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میںحکمران جماعت بی جے پی اور اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان کی 5 ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں پولنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اب گنتی کا عمل جاری ہے،ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد انڈیا کے مختلف ٹی وی چینلز اور خبر رساں اداروں کےایگزٹ پول کے مطابق راجستھان میں کانگریس کو واضح اکثریت ملتی نظر آرہی ہے جبکہ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھارتیہ جنتاپارٹی کےساتھ اس کی کانٹے کی ٹکر ہے ۔’’ٹائمز ناؤ‘‘کے سروے میں 199رکنی راجستھان اسمبلی میں کانگریس کو 105سیٹیں ملنے کی امید ظاہرکی گئی ہےجبکہ بی جےپی کو 85سیٹیں ملنے کے آثار ہیں۔’’نیوز 24‘‘کے مطابق راجستھان میں کانگریس کو 110سے 120سیٹیں ملنے کا امکان ہے جبکہ بی جے پی کو 70سے 80کے درمیان اور دیگر پارٹیوں کو 5سے 15سیٹیں ملنے کی امیدہے ۔’’زی نیوز‘‘ نے بھی راجستھان میں کانگریس کی جیت کی پیش گوئی کی ہے ۔’’انڈیا ٹوڈے‘‘ کے ایگزٹ پول میں 230رکنی مدھیہ پردیش اسمبلی میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کی بی جےپی پر معمولی سبقت دکھائی گئی ہے ،کانگریس کو 104 سے 122سیٹیں ملنے کی امیدظاہر کی گئی ہے جبکہ بی جے پی کو102سے 122سیٹیں ملنے کا امکان ہے ۔دوسری طرف’’ نیوز 24‘‘کے سروے میں کانگریس کو 110سے 120 سیٹوں پر جبکہ بی جے پی کو 98سے 108 سیٹوں پر آگے دکھایاگیاہے ۔ٹائمز ناؤنے بی جےپی کو 126سیٹ دلاکر وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کی چوتھی بار اقتدارمیں واپسی کے اشارے دیے ہیں جبکہ کانگریس کو 89سیٹیں دی ہیں ،بی ایس پی کو 6 اور دیگرجماعتوں کو 9 سیٹیں دی ہیں ۔چھتیس گڑھ میں ’’ٹائمز ناؤ‘‘نے بی جے پی کو 46اور ’’انڈیا ٹی وی‘‘ نے 42سے 50سیٹیں دی ہیں جبکہ کانگریس کو بالترتیب 35اور 45سے 51سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیاہے لیکن ’’نیوز 24‘‘نے چھتیس گڑھ میں کانگریس کی واضح اکثریت دکھاتے ہوئے اسے 52سے 51سیٹیں دی ہیں جبکہ بی جےپی کو 36سے 42سیٹیں ملنے کی امیدہے۔