ممبئی( سچ نیوز )ساؤتھ انڈین فلموں کے معروف اداکار جے پرکاش ریڈی کے بعد تیلگو ٹی وی کی معروف اداکارہ شراونی کونڈا پلی نے مبینہ طور پر اپنے بوائے فرینڈ کی جانب سے ناجائز مطالبات سے تنگ آکر موت کو گلے لگا لیا، شراونی کونڈا پلی کی لاش ان کے گھر کے باتھ روم کی چھت سے لٹکی پائی گئی۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق ساوتھ انڈین سنیما کے اداکار جے پرکاش ریڈی کی موت کا غم ابھی تازہ ہی تھا کہ تیلگو ٹی وی کی معروف اداکارہ اور "مون راگم” اور "منسو ممتا” جیسے مشہور ٹی وی سیریل میں یاد گار کردار میں جلوہ گر ہونے والی خوبرو اداکارہ شراونی کونڈا پلی نے مبینہ طور پر اپنے بوائے فرینڈ دیوراج ریڈی کے ہاتھوں جنسی استحصال کا شکار ہونے کے بعد خود کشی کر لی ۔اداکارہ شراونی کونڈا پلی کی لاش حیدرآباد کے مدھرنگر میں ان کے گھر کے باتھ روم کی چھت سے لٹکی پائی گئی،پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ گھر سے اہم شواہد بھی اکٹھے کئے جا رہے ہیں ۔اداکارہ شراونی کونڈا پلی کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شراونی کی موت کا ذمہ دار اس کا قریبی دوست دیوراج ریڈی ہے اور مقدمہ بھی اسی کے خلاف درج کروا رہے ہیں۔دوسری طرف پولیس نے ایسار نگر پولیس سٹیشن میں دیو راج ریڈی کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کرد یا ہے۔