نئی دہلی(سچ نیوز) گزشتہ ماہ پاک فضائیہ نے ایک بھارتی جنگی طیارے کا سراغ لگایا اور فوری طور پر پاک ایئرفورس کے 2 ایف 16طیارے فضاءمیں ابھرے تاکہ اس بھارتی جنگی طیارے کو روک سکیں، مگر پھر کیا ہوا؟ یہ طیارہ کوئی بھارتی جنگی طیارہ نہیں بلکہ ایک مسافر ہوائی جہاز تھا۔ اب بھارتی اخبار دی ہندو نے ہی اس معاملے کی قلعی کھول کر وزیراعظم نریندر مودی اوربھاجپا کا سوانگ رچائے حکومت میں بیٹھی آر ایس ایس کا سفاک چہرہ دنیا کو دکھا دیاہے۔اخبار نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں پاک فضائیہ نے انتہائی ذمہ داری اور پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت دیا۔ انہوں نے بلاسوچے سمجھے جہاز پر حملہ آور ہونے کی بجائے پہلے حقیقت جاننے کی کوشش کی حالانکہ اس مسافر جہاز کو بھارتی ایوی ایشن کی طرف سے فوجی ایئرکرافٹ کا الیکٹرانک کوڈ دیا گیا تھا اور پاک فضائیہ کے دھوکا کھانے اور غلطی سے ایک مسافر ہوائی جہاز کو مار گرانے کا واضح امکان تھا لیکن انہوں نے انتہائی ذمہ داری کا ثبوت دیا۔سویڈن میں مقیم بھارتی نژاد پروفیسر اشوک سوین نے بھی دی ہندو کی اس خبر کو اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر پوسٹ کیا ہے اور لکھا ہے کہ یہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سازش تھی۔ اس نے جان بوجھ کر ایک مسافر طیارے کو فوجی جہاز کا الیکٹرانک کوڈ لگوایا تاکہ پاک فضائیہ دھوکا کھا کر اسے مار گرائے اور نریندر مودی کو پاکستان کے ساتھ جنگ شروع کرنے کا جواز مل جائے، مگر پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کی وجہ سے نریندر مودی کی منصوبہ بندی دھری کی دھری رہ گئی۔واضح رہے کہ سپائس جیٹ نامی فضائی کمپنی کا یہ مسافر طیارہ نئی دہلی سے کابل جا رہا تھا جسے بھارتی ایوی ایشن کی طرح سے فوجی طیارے کا الیکٹرانک کوڈ دیا گیا۔